چنئی، 27/ جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تمل ناڈو کے وزیر اعلی او پنیرسیلوم نے جمعہ کو کہا کہ جلی کٹو کی حمایت میں مرینا میں ایک ہفتے تک چلے مظاہرے میں کئی سماج دشمن عناصر گھس آئے تھے، جن کا مقصد احتجاج کو اصل مقصد سے بھٹکانا تھا۔اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر ایم کے اسٹالن کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کے معاملے پر وضاحت پیش کرنے کے مطالبے پر سیلوم نے کہا کہ مختلف تنظیمیں اور سماج دشمن عناصر جلی کٹواحتجاج میں گھس آئے تھے اور ان کا مقصد احتجاج کواس کے اصل مقصد سے بھٹکانا تھا۔انہوں نے پیر کو ہوئے تشدد میں شامل افراد کی شناخت کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ مظاہرین احتجاج کو یوم جمہوریہ تک کھینچنا چاہتے ہیں، یہ لوگ سیاہ پرچم دکھانے اور مشکلات کھڑی کرنا چاہتے تھے۔پنیرسیلوم نے کہا کہ کچھ لوگوں نے علیحدہ تمل ناڈو کے مطالبہ والے نعرے بھی لگائے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کے ثبوت ہیں کہ کچھ لوگ اسامہ بن لادن کی تصاویر لئے ہوئے تھے، ساتھ ہی یوم جمہوریہ کا بائیکاٹ کرنے والے پوسٹر بھی ان کے پاس تھے۔انہوں نے کہا کہ تشدد کے دوران پولیس نے عوامی سلامتی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کم طاقت کا استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ اس تشدد میں کچھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور ان کی گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچا ہے۔